ایک مسجد دو مولوی
ہمارے مفتی صاحب اور ان کے بڑے بھائی کا ان کی آبائی مسجد کی تولیت پر جھگڑا ہوگیا۔ اتفاق کی بات یہ کہ یہ مسجد بھی ایک جھگڑے کے بعد ہی بنی تھی۔ان کے والد صاحب، جو ایک معروف شخصیت کے خلیفہ مجاز تھے، نے ایک پلاٹ پر قبضہ کر کے یہ مسجد بنائی تھی۔ بہرحال اب جھگڑا اس مسجد کی تولیت کا تھا۔دونوں بھائی مولوی تھے اور دونوں پٹھان بھی تھے۔ یعنی نور علی نور۔ اس مسجد کے کرتا دھرتا اس وقت ہمارے مفتی صاحب تھے۔ جب تک بڑا بھائی مسجد کا خطیب رہا، مسجد معمول کے طور پر ‘چلتی’ رہی اور معمول کے مطابق ‘آمدنی’ (ہمارے مفتی صاحب آمدنی ہی کہتے تھے) آتی تھی۔ لیکن جب ہمارے شعلہ بیان مفتی صاحب نے مسجد سنبھالی تو مسجد کی آمدنی میں دن دوگنی رات چوگنی ترقی ہونے لگی۔ بڑے بھائی نے خطابت ترک کی کہ یہ اس کے بس کا کام نہ تھا اور پہلے تو گاڑیوں کے لین دین کا کاروبار شروع کیا، لیکن جب اس میں بھی کامیاب نہ ہوسکا تو واپس آبائی پیشے کی طرف مراجعت کی، اوردونوں خلق خدا کو دین کی تبلیغ کرنے کے حق پر لڑ پڑے۔ ایک دوسرے پربندوقین تان لیں۔
ہمارے مفتی صاحب ذرا زیادہ سمجھدار واقع ہوئے تھے۔ انھوں نے اس جھگڑے کاحل نکال لیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ علاقے کےفلاں بلاک میں مسجد نہیں ہے۔ وہاں کے نمازیوں کی نمازیں “ضائع” ہو رہی ہیں۔ اہلِ خیر وہاں مسجد کے لیے ایک پلاٹ کا انتظام کریں ۔ وہ علاقہ بھی ایک پوش ایریا تھا۔ ایک صاحبِ خیر نے لبیک کہتے ہوئے اپنا پلاٹ پیش کردیا۔ پلاٹ پر ‘ مسجد کی تعمیر میں حصہ ڈالیے اور جنت میں اپنا محل بنوائیے’ کا بورڈ لگا دیا گیا۔ چند دنوں میں مسجد تعمیر ہوگئی۔ پھر مزید ‘آمدنی’ پیدا کرنے کے لیے اس میں مدرسہ بھی بنا دیا گیا۔ اور اہل خیر کی مدد سے وہ بھی چل پڑا۔ یوں دونوں بھائیوں نے خدا کے دین کی خدمت کے لیے ایک کی بجائے دو مراکز بنا کر ‘ثوابِ دارین’ حاصل کرنے کا مستقل انتظام کر لیا۔

اس تحریر كو شیئر كریں
Share on facebook
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp
Share on email
Dr Irfan Shehzad

Dr Irfan Shehzad

Dr Irfan Shehzad belongs to Rawalpindi, Pakistan. He holds a doctorate in Islamic Studies from National University of Modern Languages (NUML) Islamabad, Pakistan. He is working as a companion to Ghamidi Center of Islamic Learning Dallas, USA. He is an assistant research fellow with Al-Mawird Pakistan. He is the author of the book, “Qanoon-e-Itmam-e-Hujjat awr Us kay Itlaqaat: Janab Javed Ahmad Ghamidi ki Tawzihaat par Aetrazaat awr Ishkalaat ka Jaiza”, published by Almawrid Lahore Pakistan. Dr Irfan Shehzad writes and speaks on religious, social and sociopolitical issues. His articles are published in different scholarly journals including Ishraq, Lahore, Pakistan, Al-Shariah Gujranwala Pakistan and on social media.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *